ممبئی،7فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی ایم سی انتخابات میں اکیلے ہی میدان میں اترنے جا رہی شیوسینا نے ایک بار پھر بی جے پی پر کرارا حملہ بولا ہے۔ شیوسینا نے بی جے پی پرڈھونگی ہونے کا الزام لگایا ہے۔ شیوسینا نے متحدہ مہاراشٹر کے لئے قربانی دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرکے اپنی انتخابی مہم کی شروعات کی ہے۔اپنے ترجمان ”سامنا“ کے اداریہ میں زبردست تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ بی جے پی نے متحدہ مہاراشٹر کے لئے بڑی قربان کرنے والوں کی توہین کی ہے۔گزشتہ ہفتے اپنی انتخابی مہم کے آغاز کے دوران شیوسینا نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے یہ یاد دلایا کہ بی جے پی چھوٹی ریاستوں کی وکالت کرتی ہے اور مہاراشٹر کو بانٹنے کا اس کا خفیہ ایجنڈا ہے۔ شیوسینا کا کہنا ہے کہ بی جے پی ریاست سے ممبئی کو الگ کرنے سے بھی نہیں گریزکرے گی۔ شیوسینا نے ریاستی اور مرکز ی حکومتوں میں اتحادی ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں حملوں کیلئے بی جے پی پر نشانہ لگایا ہے۔شیوسینا کے الزام کے جواب میں بی جے پی نے اتوار کو بی ایم سی انتخابی مہم شروع کر دی اور اپنے تمام امیدواروں کو ”ہتاتما چوک“ پر بلایا، جہاں انہوں نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سب سے امیر ممبئی بلدیہ میں اقتدار میں آنے پر شفاف اور بدعنوانی سے پاک حکومت دینے کاعہدکیا۔